Imran Yousafzai
Journalist/Children Writer
Tuesday, 11 September 2018
Tuesday, 21 August 2018
Imraniyaat.Khan Sahib ab aap ki baari hai
خان صاحب ! اب آپ کی باری ہے
عمران یوسف زئی
iky.journalist@gmail.com
سترہ گست 2018 وہ تاریخی دن ثابت ہوا جب 26 سال پہلے ملک کے لئے پہلی بار کرکٹ کا ورلڈ کپ جیتنے والا کھلاڑی ملک کا سربراہ بن گیا۔تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو پارٹی سربراہ سے ملک کا سربراہ بننے میں 22 سال کا عرصہ لگا اور بلاشبہ دو دہائیوں پر محیط یہ عرصہ مسلسل جدوجہ اور دن رات محنت سے عبارت ہے۔عمران خان کی پوری زندگی کو اگر دیکھا جائے تو وہ جہدمسلسل اور سخت محنت سے عبارت ہے، قومی ٹیم میں جگہ بنانے سے لے کر ٹیم کا سربراہ بننے تک، ٹیم کو مضبوط کرنے سے لے کر عالمی کپ جیتنے تک ، سیاست میں آنے سے لے کر شوکت خانم کینسر ہسپتالوں اور نمل یونیورسٹی کی تعمیر تک اور قومی اسمبلی میں ایک نشست جیتنے سے لے کر ملک میں ٹو پارٹی سسٹم میں دراڑیں ڈالنے تک۔۔۔شاید ہی کوئی دن اس کپتان نے آرام اور سکون سے گزارا ہو۔۔۔اور بلاشبہ اللہ کسی کی محنت بھی ضائع نہیں کرتا ، اس کے معاملوں میں دیر ہو سکتی ہے اندھیر نہیں۔2013 کے انتخابات سے پہلے کسی نجی چینل پر انٹرویو کے دوران عمران خان کا ایک جملہ یاد آ رہا ہے جب انہوں نے سر اٹھا کر بڑی حسرت سے فریاد کی تھی کہ ’’میں اللہ سے دعا کرتا ہوں کہ مجھے ایک موقع ضرور دے میں اس ملک میں کسی کرپٹ کو نہیں چھوڑوں گا۔‘‘ شاید ایسے ہی کسی قبولیت کے وقت مانگی گئی دعاؤں نے اثر دکھایا اور آج عمران خان اپنی منزل پر پہنچ گئے ہیں لیکن صرف منزل تک پہنچنا اصل کامیابی نہیں ہے، اصل کامیابی ان وعدوں کو پورا کرنا ہے جن کی تکمیل کے خواب کے طور پر عوام نے انہیں اقتدار کے ایوان میں بھیجا ہے۔ عمران خان کو اب یاد رکھنا ہوگا کہ عوام نے اپنے حصے کا کام کر دیا ہے اب خان صاحب کی باری ہے۔اس حوالے سے عمران خان کو سب سے پہلے اور سب سے زیادہ خیبر پختونخوا کے عوام کا شکریہ ادا کرنے کی ضرورت ہے کیوں کہ 2013 میں جب پورے ملک کسی صوبے میں ان پر بھروسہ نہیں کیا گیا تب صرف اس پسماندہ صوبے نے ان پر اعتبارکیا، ان کے وعدوں ، دعووں اور تبدیلی کے نعرے کو شرف قبولیت بخشا اور یہاں ان کی پارٹی کو حکمرانی کا موقع فراہم کیا۔ خان صاحب نے 2013 کے انتخابات میں پشاور کے این اے 1 سے جیتی ہوئی نشست بھی چھوڑدی حالانکہ سیاسی حلقوں کے ساتھ ساتھ عام لوگوں نے بھی اسے عمران خان کا کوئی زیادہ مقبول فیصلہ قرار نہ دیا اور اس کا نتیجہ بھی فوری طور پر سامنے آگیا اور پی ٹی آئی حکمران جماعت ہونے کے باوجود صرف ڈھائی ماہ بعد اپنی یہ نشست ہار گئی۔بہرکیف خیبر پختونخوا کے لوگوں نے تحریک انصاف کو دل و جان سے خوش آمدید کہا اور کئی مواقعوں پر دیگر غیر مقبول فیصلوں کو بھی سراہتے ہوئے تبدیلی کو سینے سے لگایا۔ اس حوالے سے یہ کہنا بھی غلط نہ ہوگا کہ تحریک انصاف نے یقینی طور پر صحت، تعلیم، پولیس ، ماحولیات سمیت مختلف شعبوں میں تبدیلی لانے کی بھرپور کوشش کی، بہت سے چیزیں بدل بھی گئیں جو نہ بدل سکیں انہیں تحریک انصاف نے عوام کے کھاتے میں ڈال دیا ۔ اس دوران دھاندلی کے خلاف عمران خان کے ملک گیر احتجاج میں بھی اگر کسی صوبے نے سب سے بڑھ کر حصہ لیا تو وہ خیبر پختونخوا کے سوا کوئی نہیں تھا۔پانچ سال تک اس صوبے پر حکمرانی کرنے والی تحریک انصاف کا سب سے غیرمقبول فیصلہ اگر بی آر ٹی کو قرار دیا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔ساڑھے چار سال تک خان صاحب پنجاب حکومت اور شریف برادران کو جس جنگلہ بس کے طعنے دیتے رہے آخری چھہ ماہ میں اسی جنگلہ بس کو پشاور کے لوگوں پر مسلط کرنا آج تک سمجھ سے باہر ہے اور یہ منصوبہ آج بھی عوام کے لئے سہولت کے بجائے زحمت کا باعث ہی بن رہا ہے، تکمیل کے بعد بلاشبہ یہ عوام کو ریلیف ضرور دے گا لیکن تکمیل تک جس اذیت سے پشاور کے لوگ گزرچکے ہوں گے اس کا ازالہ تو کسی صورت ممکن نہیں ہے۔2018کے انتخابات میں جہاں ملک بھر میں تحریک انصاف کو پذیرائی ملی وہیں خیبر پختوا کے عوام نے بھی صوبے کی سیاسی تاریخ میں پہلی بار کسی سیاسی جماعت کو حکومت کرنے کا دوسرا موقع دیا ہے۔تحریک انصاف کی ملک گیر کامیابی بلاشبہ خیبر پختونخوا میں ان کی کارکردگی کی ہی مرہون منت رہی ہے۔ تحریک انصاف نے ملک میں دو جماعتی سیاست کو دفن کر رکھ دیا ہے اور یقینی طور پر صرف 22 سال پرانی یہ جماعت آج ملک کی تیسری بڑی سیاسی قوت بن چکی ہے۔عمران خان نے اب اپنے 100 دن کے ویژن کو پورا کرنا ہے۔ بحیثیت مجموعی ہم بہت جلد باز قوم واقع ہوئے ہیں 70 سال کی گندگی 70 دنوں میں ختم کرنے کی خواہش رکھتے ہیں، جسے کسی دیوانے کا خواب ہی کہا جا سکتا ہے لیکن پھر بھی عمران خان کو فوری طور پر ایسے اقدامات ضرور اٹھانے چاہیءں جن سے عوام فرق محسوس کریں۔ نومنتخب وزیراعظم کا وزیراعظم ہاؤس میں نہ رہنے کا اعلان، ان کے نامزدکردہ گورنرز کا گورنرہاؤسز میں نہ رہنے اور اخراجات میں کمی کے اعلانات پہلے ہی عوام کو بھا چکے ہیں۔ پارلیمنٹ میں وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں عمران خان نے کڑے احتساب کا نعرہ بھی لگایا ہے یہ وہ مقبول ترین کام ہوگا جس کے لئے عوام کئی دہائیوں سے ترس رہے ہیں، اس ملک کو لوٹنے کھسوٹنے والوں کے احتساب کے دعوے تو بہت کئے گئے لیکن وہ صرف سیاسی دعوے ہی ثابت ہوئے، عمران خان اگر اس کام میں کامیاب رہے، اس ملک کی لوٹی ہوئی دولت واپس لے آئے، انصاف کا نظام قائم کر گئے، میرٹ کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنا گئے تو یقین مانیے کہ یہ عوام اگلی کئی بار تحریک انصاف کو برسراقتدار لانے سے گریز نہیں کریں گے۔ عمران خان اس ملک کی واحد شخصیت ہیں جن کی ایک آواز پر عوام کروڑوں روپے جمع کر سکتی ہے وجہ صرف ایک ہے اور وہ یہ کہ عمران خان قابل بھروسہ ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کا اب یہ بھروسہ برقرار رکھنا ہوگا اور میں اپنی بات ایک بار پھر دہرانا چاہوں گا کہ عمران خان کو اب یاد رکھنا ہوگا کہ عوام نے اپنے حصے کا کام کر دیا ہے اب خان صاحب کی باری ہے۔
Thursday, 7 June 2018
Imraniyaat
کمرہ عدالت کے 2 گھنٹے
عمرانیات
عمران یوسفزئی
ہم نے عوام کو ساری زندگی حکمرانوں کے سامنے
ہاتھ جوڑے فریاد کرتے ہی دیکھا ہے، عوامی مسائل کے حل کا نعرہ لگا کر عوام ہی کے
ووٹوں سے اقتدار کے ایوانوں تک پہنچنے کے بعد وہ کیسے اپنے لوگوں کو بھول جاتے ہیں
یہ بہت ہی عام سی بات ہے، لیکن کبھی کبھی ان حکمرانوں اور زور آوروں کو بھی ہاتھ
باندھنا پڑ جاتے ہیں، فریاد کرنا پڑ جاتی ہے اور اپنے عوام کی طرح گڑگڑانا بھی پڑ
جاتا ہے۔ آخرت میں اللہ کی عدالت میں تو سب ہی جواب دہ ہونگے جہاں اس کائنات کے
مالک اور خالق کو نہ کسی شہادت کی ضرورت ہوگی اور نہ ہی گواہ کی۔۔۔۔اور نہ ہی وہاں
کسی کی سفارش یا پرچی چلے گی۔ لیکن دنیاوی عدالتیں بھی اگر صحیح طورانصاف کرنا
شروع کردیں تو بلاشبہ تکالیف اور مسائل کی دلدل میں پھنسے عوام کسی حد تک سکھ کا
سانس لینے لگیں گے۔ سیاسی پنڈتوں کے مطابق چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کے
سیاسی عزائم ہیں یا کچھ اور کم سے کم ان کی ہر محکمے سے پوچھ گچھ سے عوام ضرور
مطمئن ہیں۔ اکثر سیاسی قائدین دبے لفظوں میں یہ کہتے پائے گئے ہیں کہ ریاست کے ہر
ادارے کو اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے ان سے کوئی یہ پوچھے کہ جب
ادارے آئینی حدود کے اندر یا باہر کام ہی نہ کرنا چاہیں تو اس صورت میں کیا کرنا
چاہیے؟ لیکن یقین ہے کہ ان کے پاس اس بات کا کوئی جواب نہیں ہونا۔ بہرکیف 6 جون
بروز بدھ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار ایک بار پھر پشاور تشریف لائے،
سپریم کورٹ پشاور رجسٹری کے کورٹ روم میں انہوں نے جسٹس شیرعالم کے ہمراہ کئی اہم
ترین مقدمات کی سماعت کی۔ پہلا کیس کسی بیوہ خاتون کا تھا جسے حق مہر نہیں دیا گیا
تھا اور جج نے فیصلہ بھی ان کے خلاف دیا تھا۔ اس پر چیف جسٹس نے سیشن جج کو فوری
طور پر عدالت طلب کر لیا، اپنے ریمارکس میں ان کا کہنا تھا کہ ہم دوسروں کے کام
دیکھ رہے ہیں لیکن ہمیں عدلیہ کو بھی دیکھنا ہوگا سب سے پہلے ہماری عدلیہ میں
انصاف کے تقاضے پورے ہونے چاہیں۔ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا اعظم خان صوبے میں وی
آئی پی افراد کے پاس موجود سرکاری گاڑیوں کے حوالے سے کیس میں پیش ہوئے اور بتایا
کہ تمام وی آئی پی افراد سے سرکاری گاڑیاں واپس لے لی گئ ہیں۔ چیف جسٹس نے
استفسار کیا کہ اب ان گاڑیوں کا کیا کرنا ہے؟ یہ گاڑیاں ان افسران کے پاس ہونی
چاہیں جو حقدار ہیں اور ساتھ ہی ساتھ یہ بھی خیال رہے کہ یہ گاڑیاں خراب نہ ہوں،
ان کا کہنا تھا کہ ایسا نہ ہو کہ گاڑیاں ایسی جگہ کھڑی کر دی جائیں جہاں ان کے
اندر کی قمیتی چیزیں اور پارٹس غائب ہو جائیں۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے چیف
سیکرٹری سے سرکاری گاڑیوں کے بہتر استعمال کے حوالے سے پروپوزل 10 روز میں طلب کر
لیا۔ اگلی سماعت خیبر پختونخوا میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے حوالے سے تھی
جس میں پیسکو کی جانب سے پیش ہونے والے نمائندے پر چیف جسٹس نے سخت برہمی کا اظہار
کیا ان کا کہنا تھا کہ اتنی شدید گرمی میں آپ خود ٹھنڈے ٹھار کمروں میں بیٹھے
رہتے ہیں اور عوام کو رمضان کے بابرکت مہینے میں بھی بجلی سے محروم رکھا ہوا ہے۔
پیسکو نمائندے کا کہنا تھا کہ صوبے کی ضرورت 3000 میگا واٹ ہے جبکہ ہمیں 2100
میگاواٹ بجلی مل رہی ہے کیونکہ ہمارے پاس 2100 میگاواٹ سے زیادہ بجلی حاصل کرنے کی
گنجائش نہیں ہے، ہمارا انفراسٹرکچر کمزور ہے، جس پر چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں
کہا کہ جب آپ اپنی ضرورت کے مطابق بجلی حاصل ہی نہیں کر سکتے تو یہ آپ کی نااہلی
ہے، 20 سالوں میں عوام سے اربوں روپے وصول کرنے کے باوجود آپ اپنا انفراسٹرکچر
کیوں ٹھیک نہیں کر سکے؟ اگر آپ کی تنخواہ آدھی کر دی جائے اور کام پورا لیا جائے
تو آپ کو کیسا لگے گا؟ عوام سے بل پورا وصول کرتے ہیں اور انہیں بجلی کم دیتے ہیں
آپ کی نااہلی کا خمیازہ غریب عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ ابھی اگر آپ کی کمپنی کا
فرانزک آڈٹ کروائیں تو بہت سی چیزیں سامنے آجائٰیں گی، کیا یہ لوگ پاکستانی نہیں
ہیں، انہیں ان کا حق کیوں نہیں مل رہا۔ چیف جسٹس نے وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی کو
مکمل ریکارڈ سمیت اگلی سماعت پر طلب کر لیا۔ پشاور کی سڑکوں پر غیرضروری رکاوٹوں
کے ازخود نوٹس کی سماعت میں چیف سیکرٹری اعظم خان نے چیف جسٹس کو بتایا کہ شہر بھر
میں 84 چیک پوسٹیں تھیں جن میں 59 پولیس کی اور 25 آرمی کی چیک پوسٹیں تھی۔ پولیس
کی 59 میں سے 36 چیک پوسٹیں ختم کر دی گئی ہیں باقی ماندہ 23 میں سے 13 دیہی و
نواحی علاقوں میں ہیں جبکہ 10 میں سے 4 شہر کے سٹی ایریا اور 6 ریڈزون یعنی کینٹ
ایریا میں موجود ہیں۔ آرمی کی 25 میں سے 7 چیک پوسٹیں ختم کر دی گئی ہیں۔ 18 حساس
علاقوں میں ہیں جن کی موجودگی ضروری ہے۔ اسی طرح شہر بھر میں 13 بلاکڈ روڈز تھیں
جن میں سے 8 کھول دی گئی ہیں جبکہ 5 مختلف قونصلیٹ اور حساس اداروں کے دفاتر والی
روڈز ہیں۔ شہر بھر کی 37 مختلف عمارتوں پر بیریئرز تھے جو تمام کے تمام ختم کر
دیئے گئے ہیں۔ چیف جسٹس نے اس کارکردگی کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔
ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے ازخود نوٹس کی سماعت میں محکمہ ماحولیات کی جانب سے
بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں سیمنٹ پلانٹس 7، چپ بورڈ یونٹس 14، کریش پلانٹس 675، بریکلین
881 اور شوگر ملیں 6 ہیں۔ انوائرمینٹل پروٹیکشن ٹربیونل نے 10 ماہ کے دوران 828
میں 279 کیسز کا فیصلہ کیا ہے۔ جس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ تمام کیسوں کا فیصلہ
کیوں نہیں کیا گیا، انہوں نے انوائرمینٹل پروٹیکشن ٹربیونل کے سربراہ کو اگلی
سماعت پر طلب کر لیا، چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ پشاور کا شمار پاکستان کے آلودہ
ترین شہروں میں ہوتا ہے، پرائیویٹ میڈیکل کالجز کے ازخود نوٹس کی سماعت پر چیف
جسٹس نے سب سے زیادہ برہمی کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ نجی میڈیکل کالجز کو قوم
کے بچوں کا مستقبل داؤ پر لگانے نہیں دیا جائیگا۔ پی ایم ڈی سی کے نمائندے نے چیف
جسٹس کو بتایا کہ اب تک 98 میڈیکل کالجز کا معائنہ کیا جا چکا ہے۔ 16 میڈیکل کالجز
کی رپورٹ تیار ہے جبکہ باقی کی رپورٹس بھی جلد تیار کر لی جائینگی۔ ان کا کہنا تھا
کہ 80 میڈیکل کالجز ایسے ہیں جہاں بچوں سے فیسوں کے علاوہ عطیات بھی لئے گئے ہیں۔ 3
دنوں میں اب تک 29 کروژ روپے وصول کر کے بچوں کو واپس کئے جا چکے ہیں۔ اس موقع پر
موجود الرازی میڈیکل کالجز کے طلبا نے انتظامیہ کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیئے،
چیف جسٹس نے الرازی میڈیکل کالج کے اونر کو برہمی سے مخاطب کرتو ہوئے کہا کہ لگتا
ہے آپ عید باہر نہیں اندر کرنا چاہتے ہیں۔ چیف جسٹس نے پرائیویٹ میڈیکل کالجز کو
تین ہفتوں میں اپنا قبلہ درست کرنے کا حکم دیا جس کے بعد ان کے خلاف مقدمات درج
کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔ پینے کے صاف پانی کے حوالے سے کیس کی سماعت میں چیف
جسٹس نے اسفتسار کیا کہ صنعتی فضلہ دریاؤں اور نہروں میں گرتا ہے اور پھر وہی پانی
کھیتوں میں سبزیوں اور پھلوں کے لئے استعمال ہوتا ہے کیا یہ درست ہے؟ انہوں نے اس
پر برہمی کا اظہار کیا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے پانچ سالوں میں اس مسئلے کو حل
کرنے کے لئے کیوں کچھ نہیں کیا؟ چیف سیکرٹری نے بتایا کہ 3 سے 5 سال کا ایک ماسٹر
پلان تیار کیا گیا ہے جس پر 23 بلین کی لاگت آئیگی، چیف سیکرٹرے نے بتایا کہ وزیراعلیٰ
نے حکومت کے آخری دنوں میں اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ اس معاملے میں ان سے بڑی کوتاہی
ہوئی ہے۔ جعلی اور عطائی ڈاکٹروں کے حوالے سے ہیلتھ کیئر کمیشن کو بھی اپنی کارکرگی
بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی۔ چیف جسٹس نے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں جعلی
ڈاکٹر کی موجودگی کا نوٹس لیتے ہوئے ہاسپٹل ڈائریکٹر اور ڈین کو اگلی سماعت پر طلب
کر لیا۔ ایم ٹی آئیز میں بے قاعدگیوں کے حوالے سے کیسز کی سماعت میں انہوں نے ایم
ٹی آئیز کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا انہوں نے فوری طور پر تمام ایم
ٹی آئی سرکاری ہسپتالوں کے بورڈ آف گورنرز تحلیل کرنے اور تین ہفتوں میں نئے
بورڈز تشکیل دینے کے احکامات جاری کریئے۔ ایم ٹی آئی کی حمایت اور مخالفت کرنے
والے کئی ڈاکٹرز کی کمرہ عدالت میں شورشرابے پر بھی انہوں نے برہمی کا اظہار کیا
اور اپنے ریمارکس میں کہا کہ آپ کو شرم آرہی ہے یا نہیں لیکن مجھے شرم آرہی ہے
کہ آپ جیسا پڑھا لکھا طبقہ عدالت کے تقدس کو پامال کر رہا ہے۔
Friday, 15 May 2015
بھمالہ……دنیا کا قدیم تاریخی ورثہ
خیبر پختونخوا خوبصورت اور تفریحی مقامات کا مرکز ہے، ماہرین کے مطابق ملک بھر کے 80 فیصدسے زائد تفریحی اور تاریخی مقامات خیبر پختونخوا کی سرزمین پر ہیں۔ وادی خان پور بھی ایسی ہی خوبصورت اور قدرتی مناظر کا شاہکار علاقہ ہے جو پشاور سے سڑک کے ذریعے 160 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔2008 کے بعد سے یہاں ہرسال خیبر پختونخوا ٹورازم کارپوریشن کے زیرانتظام سہ روزہ تفریحی میلے کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔ ٹیکسلا کی حدود میں واقع خان پور کا کچھ حصہ پنجاب اور کچھ خیبر پختونخوا میں واقع ہے۔ یہ علاقہ حسین قدرتی مناظر کے ساتھ ساتھ تاریخی اہمیت کا بھی حامل ہے، یہاں جگہ جگہ گندھارا تہذیب کی باقیات دریافت ہوئی ہیں جس کے بعد یونیسکو نے 1982ء میں اسے ورلڈ ہیرٹیج سائٹ یعنی دنیا کا قدیم تاریخی ورثہ قرار دیدیا ہے۔ خان پور کے قریب ہی بھمالہ گائوں بھی واقع ہے۔گندھارا تہذیب اور بدھ مت کے حوالے سے بھمالہ کو دنیا کی بہترین اور قدیم ترین دریافت قرار دیاجائے تو بے جا نہ ہوگا۔بھمالہ بدھسٹ کمپلیکس کے نام سے شہرت رکھنے والی یہ سائٹ 1930ء میں برٹش آرمی آفیسر جان مارشل نے کھدائی کے دوران دریافت کی تھی، ماہرین کے مطابق اس وقت جان مارشل نے بھمالہ میں کروسی فارم اسٹوپا دریافت کیا تھا، اس کروسی فارم اسٹوپا کے حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ گندھارا ریجن میں دریافت ہونے والا سب سے بڑا اسٹوپا ہے۔ اسٹوپا بدھ مذہب میں عبادت گاہ کے طور پر استعمال ہونے والی عمارت کو کہاجاتا تھا، بھمالہ میں دریافت ہونے والے اس کروسی فارم اسٹوپا کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ ایک بہت بڑے کراس کی شکل میں ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ کروسی فارم اسٹوپا قدیم دور میں بدھا کی راکھ کو محفوظ رکھنے کے لئے بنائے جاتے تھے۔ بلندی سے دیکھا جائے تو مرکز میں بنے اسٹوپا کے ارد گرد مختلف چھوٹے چھوٹے سیل کراس کی شکل میں دکھائی دیتے ہیں اسی وجہ سے اسے کروسی فارم اسٹوپا کہاجاتا ہے۔ ہزارہ ڈسٹرکٹ کے علاقہ زرڈھیری کے بعد بھمالہ میں دریافت ہونے والا یہ دوسرا اور ریجن میں سب سے بڑا کروسی فارم اسٹوپا ہے۔ 1930/31ء میں جان مارشل کی کھدائی کے بعد سے دنیا کے اس قیمتی اور قدیم ورثے کی حفاظت کے لئے کوئی اہتمام نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے غیرقانونی کھدائی اور غیرتکنیکی توڑ پھوڑ کے باعث یہ جگہ تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی۔ 2014ء کے آخر میں محکمہ آثار قدیمہ و عجائب گھر خیبر پختونخوا نے ایک بار پھر بھمالہ میں کھدائی کا سلسلہ شروع کیا جس کے بعد انتہائی اہم نشانات دریافت کئے گئے۔510 سے زائد
قیمتی نوادرات، گھریلو استعمال کی چیزیں، تعمیراتی چیزیں، چھوٹے اسٹوپا بھی دریافت کئے گئے لیکن گزشتہ تین چارماہ کی کھدائی کے دوران جو سب سے اہم ترین اور قیمتی چیز سامنے آئی ہے وہ بدھا کا ڈیتھ سین (موت کا منظر ہے) جسے اس وقت کی زبان میںمہا پری نروانا (یعنی موت کا منظر) کہاجاتا تھا۔14 میٹر (تقریباً 48 فٹ) طویل اس مجسمے کو پاکستان میں اب تک دریافت ہونے والا سب سے بڑا اور کنجور اسٹون میں دنیا کا سب سے بڑا مجسمہ قرار دیا گیاہے۔ بدھا کے اس سب سے بڑے موت کے منظر میں بدھا کو داہنی کروٹ پر لیٹے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ گو کہ بدھا کا یہ مجسمہ مکمل حالت میں موجود نہیں ہے، غیرقانونی کھدائی کے باعث اس کے خدوخال بھی واضح نہیں لیکن ماہرین کے مطابق اب بھی یہ تیس سے چالیس فیصد اصل حالت میں موجود ہے جبکہ اسے مکمل طور پر اصل حالت میں لانے کے لئے غیرملکی ماہرین آثارقدیمہ نے اپنی خدمات پیش کی ہیں۔ بدھا کے اس طویل القامت مجسمے سے متصل مشرق کی جانب کچھ اور چھوٹے چھوٹے یادگاری اسٹوپا بھی دریافت ہوئے ہیں، ان سیلوں سے نکلنے والے کئی چھوٹے مجسمے بھی انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، جن کے سر کی پشت پر ہالو کے دو دو نشانات ہیں، بدھ مذہب میں دریافت ہونے والے اکثر مجسموں کے سروں کی پشت پر ہالو کا ایک ہی نشان ہوتا تھا، اس مذہب میں دائرے کی شکل میں ہالو کا یہ نشان علم اور نور کی روشنی کو ظاہر کرتا تھا، تاہم بھمالہ سے برآمد ہونے والے یادگاری اسٹوپا میں سے جو مجسمے برآمد ہوئے ہیں ان کے سروں کی پشت پر دو ، دو نشانات اس بات کا ثبوت ہیں کہ یہ بدھ مذہب کی انتہائی معتبر اور علمی شخصیات کے مجسمے ہیں۔بھمالہ میں فی الوقت کھدائی کا کام روک کر یہاں دریافت ہونے والے بدھا کے موت کے منظر سمیت دیگر نوادرات کا دستاویزی کام مکمل کیا جا رہا ہے جس کے بعد اسے دیگر ممالک کے ماہرین کے پاس بھیجا جائے گا اور ان ماہرین سے آراء اور تجاویز ملنے پر تین سے چار ماہ کے بعد یہاں دوبارہ کھدائی کے ساتھ ساتھ پہلے سے موجود قیمتی نوادرات اور بدھا کے مجسمے کو محفوظ بنانے کا کام شروع کیا جائے گا۔کم و بیش 2 ہزار سال پرانی گندھارا تہذیب کی ان باقیات کی دریافت بلاشبہ محکمہ آثار قدیمہ و عجائب گھر خیبر پختونخوا کا بڑا کارنامہ ہے۔
Subscribe to:
Posts (Atom)


